دہلی17 نومبر ﴿ایس او نیوز﴾لوک سبھا الیکشن کے پیش نظرسیٹوں کی تقسیم کو لے کراین ڈی اے میں جاری رسہ کشی کے درمیان مرکزی وزیر اور راشٹریہ لوک سمتا پارٹی (آرایل ایس پی) کے سربراہ اوپیندر کشواہا نے کہا کہ انہوں نے اپنا من بنالیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "میں ہفتہ کو پٹنہ میں نیشنل ایگزیکٹیوکی میٹنگ میں پارٹی کارکنان کے ساتھ اپنی رائے پرتبادلہ خیال کروں گا اورآپ ایک بڑے فیصلے کی امید کرسکتے ہیں۔
وہیں کشواہا نے بی جے پی کے قومی صدرامت شاہ سے ایک بارپھرملنے کا وقت طلب کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ انہیں ملنے کا وقت ملے گا۔ کشواہا نے دعوی کیا ہے کہ این ڈی اے سے سیٹ شیئرنگ پران کی بات بن جائے گی اوراگرنہیں بنی تووہ وزیراعظم سے بھی بات کریں گے۔
دوسری طرف جے ڈی یو کے بہارپردیش صدروششٹھ نارائن سنگھ نے اوپیندرکشواہا کو لے کرجمعہ کو بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے جانے سے این ڈی اے کی صحت پرکوئی اثرنہیں پڑے گا۔ جے ڈی یو کے ریاستی صدرکے بیان سے واضح ہے کہ اتحاد کے رشتوں میں تلخیوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
وہیں آرایل ایس پی لیڈرپردیپ مشرا نے کہا کہ ان کی پارٹی وششٹھ نارائن سنگھ کی باتوں کو سنجیدگی سے نہیں لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بات بی جے پی سے ہورہی ہے کیونکہ آرایل ایس پی کا اتحاد بی جے پی سے ہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ معاملے کوختم کرنے کے لئے ضرورت ہوئی توپارٹی وزیراعظم نریندر مودی سے بھی بات کرے گی۔